
اسلام آباد:
پاکستان حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، تاہم حکومت نے واضح طور پر فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کر دیا ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ کے تمام دیگر میچز کھیلے گی، لیکن روایتی حریف بھارت کے خلاف شیڈول مقابلے میں شرکت نہیں کرے گی۔ یہ فیصلہ موجودہ سیاسی اور سفارتی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں فروری میں کھیلا جانا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان ٹیم کے زیادہ تر میچز نیوٹرل وینیو یا سری لنکا میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ کو عالمی کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ تصور کیا جاتا ہے، اور اس فیصلے کے بعد شائقینِ کرکٹ ایک بار پھر اس ہائی وولٹیج ٹاکرے سے محروم ہو جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی صورت میں پوائنٹس کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئی سی سی کے ضابطوں کے مطابق ہوگا۔
دوسری جانب آئی سی سی اور عالمی کرکٹ حلقوں کی جانب سے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جب کہ امکان ہے کہ معاملے پر مزید مشاورت اور سفارتی رابطے بھی کیے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومتی فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئی سی سی کے ساتھ رابطے میں ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ضابطوں کے مطابق کیا جائے گا۔
Leave a comment